پاکستان ہمسایہ ممالک سے پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، عمران خان
دیرپا امن کیلئےکشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ضروری ہے، یوم پاکستان پرمبارکباد دینےپر آپ کا شکرگزار ہوں، کورونا کیخلاف بھارتی عوام کیلئے نیک خواہشات رکھتا ہوں۔ وزیراعظم پاکستان کا بھارتی وزیراعظم کو جوابی خط
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ 2021ء) وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کو اپنے خط میں کہا ہے کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کیلئے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ضروری ہے، یوم پاکستان پرمبارکباد دینے پر آپ کا شکرگزار ہوں، کورونا کیخلاف بھارتی عوام کیلئے نیک خواہشات رکھتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جوابی خط ارسال کردیا ہے، خط کے متن میں گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان پرمبارکباد دینے پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت اور عوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔
حکومت پاکستان اورعوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔
جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کیلئے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ضروری ہے۔ تعمیری اور نتیجہ خیزمذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کیخلاف بھارتی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ واضح رہے 23 مارچ یوم پاکستان کے روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم عمران خان کو خط بھجوایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے پاکستان کی عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔ نجی ٹی وی نے وزیراعظم ہاؤس کے ذریعے کے حوالے سے بتایاکہ یوم پاکستان پر بھارتی صدر اور وزیراعظم نے تہنیتی پیغامات بھجوائیں ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے وزیراعظم عمران خان کیلئے بھی خصوصی پیغام بھیجا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں خوشگوار تعلقات کیلئے اعتماد پر مبنی دہشتگردی اور دشمنی سے پاک ماحول اہم ہے۔
0 Comments