سعودی عرب میں پاکستانی شہری کا سر قلم کر دیا گیا
پاکستانی باشندے محمد اسماعیل ولد محمد سلیمان نے ایک یمنی شہری کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا تھا
سعودی عرب میں ایک پاکستانی کا سر قلم کر دیا گیا ہے جس پر ایک شخص کو قتل کرنے کا جُرم ثابت ہو گیا تھا۔ سعودی وزار ت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایک یمنی باشندے کو قتل کرنے والے پاکستانی تارکِ وطن کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔ یہ پاکستانی شہری محمد اسماعیل ولد محمد سلیمان روزگار کی غرض سے سعودی مملکت میں مقیم تھا۔جس کا ایک یمنی شہری احمد محمد الفقی سے کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ جس کی رنجش دل میں رکھتے ہوئے پاکستانی مجرم نے اس پر تیز دھار آلے سے حملہ کر کے قتل کر ڈالا تھا۔ ملزم اس واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا۔ تاہم سیکیورٹی حکام نے بالآخر اسے ڈھونڈ کر گرفتار کر لیا تھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران پاکستانی شہری پر قتل کا جُرم ثابت ہو گیا تو اسے موت کی سزا سُنائی گئی۔مجرم کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف پہلے اپیل کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی اور پھر سپریم کورٹ سے بھی اپیل کی گئی تاہم دونوں اعلیٰ عدالتوں سے پاکستانی قاتل کی درخواست مسترد ہو جانے کے بعد ایوانِ شاہی کی جانب سے عدالتی فیصلے پر عملے کرتے ہوئے مجرم کا گزشتہ روز سر قلم کر دیا گیا۔اس کے علاوہ ایک سعودی شہری معجب بن حزام العجمی کو بھی سزائے موت دی گئی ہے جس نے اپنے ہم وطنوں محمد بن معجب العجمی اور سلطان بن سالم العجمی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں سعودی عرب میں ایک پاکستانی شہری محمد عمر ولد محمد لئیق جمالی اور اس کے دو سعودی ساتھیوں ھتان بن سراج بن سلطان الحربی اور سلطان بن سراج بن سلطان الحربی کوڈکیتی کی وارداتیں کرنے اور ایک گھر میں گھُس کر دو خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے جُرم میں موت کی سزا سُنائی گئی تھی،جس کے بعد ان تینوں کا سر قلم کر دیا گیا۔پاکستانی شہری محمد عمر اور اس کے دونوں سعودی ساتھی ھتان اور سلطان سیکیورٹی اہلکاروں کے بھیس میں ایک گھر میں داخل ہوئے، اس دوران انہوں نے شراب بھی پی رکھی تھی۔ تینوں افراد نے گھر میں گھُستے ہی ایک خاتون کوچاقو کی نوک پر یرغمال بنا لیا۔ سعودی نوجوان ھتان نے اس خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ۔ اسی دوران گھر میں موجود ایک اور خاتون نے ایک کمرے کا دروازہ لاک کر کے خود کو بچانے کی کوشش کی، مگر عمر اور سلطان کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر گھُس گئے اور اس خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔دونوں خواتین نے اپنی عزت بچانے کے لیے ان کی بہت منت سماجت کی، مگر ان درندوں پر کچھ اثر نہ ہوا۔ سفاک ملزمان نے یہ واردات انجام دینے کے بعد بڑے سکون سے گھر میں موجود قیمتی سامان اور نقدی لُوٹی اور پھر جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے تھے۔
ریاض(پاور نیوز نیٹ ورک۔2 اپریل2021ء)
0 Comments